کروناویکسین: موٹاپے کے شکار افراد کے لیے بری خبر

لندن: برطانوی ماہرین نے کرونا ویکسین موٹاپے کے شکار افراد پر اثر انداز ہونے سے متعلق تشویش کا اظہار کردیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ماہرین کو خدشہ ہے کہ موٹاپا ویکسین کی تاثیر اور اس کے اثرات کو کم کرسکتا ہے یہی وجہ ہے کہ کرونا کے شکار فربہ افراد سے متعلق تشویش ہے۔

رپورٹ کے مطابق اگر کوئی کرونا کی ویکسین بن بھی جائے تو اسے موٹاپے کے شکار افراد پر کیسے استعمال کریں گے یہ ایک چیلنج بن چکا ہے جس پر ماہرین اور سائنس دان غور بھی کررہے ہیں۔ امریکا سمیت دیگر یورپی ممالک میں معمر افراد کے بعد کرونا نے سب سے زیادہ موٹے لوگوں کو متاثر کیا ہے۔

اس سے قبل ایک تحقیق سے یہ بات ثابت ہوئی تھی کہ ہیپاٹائٹس بی کی ویکسین فربہ افراد کی بنست اسمارٹ لوگوں پر جلد اثر انداز ہوکر بیماری سے لڑتی ہے جبکہ موٹاپے کے شکار افراد میں قوت مدافعت قابل قدر نہیں رہتی۔

فربہ افراد کرونا وائرس کے لیے سب سے آسان ہدف کیوں ہیں؟

اسی صورت حال کے پیش نظر ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر کرونا ویکسین تیار ہوجائے تو موٹے افراد پر ویکسین کم اثر انداز ہوگی جس سے وبائی مرض کا خاتمہ ممکن نظر نہیں آتا۔

خیال رہے کہ کرونا وائرس کے آغاز سے ماہرین خبردار کرچکے ہیں کہ فربہ افراد کو کوویڈ 19 کا شکار ہونے کا زیادہ خطرہ ہے، ماہرین کے مطابق موٹاپے کی وجہ سے جسم کے مختلف اعضا جیسے دل کے ارد گرد چربی جمع ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے دل کو خون پمپ کرنے میں دباؤ کا سامنا ہوتا ہے، اور دیگر بیماری حملہ کرتی ہیں۔