’کشمیری عوام امریکی قیادت سے اخلاقی اور سیاسی حمایت کی توقع رکھتے ہیں‘

امریکا میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید نے کہا ہے کہ امریکا جن اخلاقی اور سیاسی اقدار کی نمائندگی کرتا ہے، بدقسمتی سے آج وہ مقبوضہ کشمیر میں پامال کی جارہی ہیں۔

امریکی جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید نے کہا کہ  بھارت نے گزشتہ برس یکطرفہ اقدام کے ذریعے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی نفی کی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو بنیادی سہولیات سے محروم کردیا گیا ہے اور بیرونی دنیا سے ان کا رابطہ منقطع کر دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر اسد مجید نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر 05 اگست، 2019 سے ایک بہت بڑی جیل کی شکل اختیار کر چکا ہے اور بھارت نے اب آبادی کے تناسب کو بدلنے کے لیے ڈومیسائل لاء متعارف کرایا ہے جو کہ چوتھے جنیوا کنونشن کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے مکاری سے کورونا وباء کی آڑ میں مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہا کردی ہے تاہم مسئلہ کشمیر عالمی ضمیر پر ایک بوجھ ہے۔