
یوم الحاق پاکستان کے موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام سیمینار کا انعقاد
اسلام آباد 19جولائی ( )
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام آج "یوم الحاق پاکستان” کے موقع پر اسلام آبادمیں ایک سیمینار منعقد کیاگیا۔
یہ دن کشمیری عوام 1947 میں سرینگر میں اس دن اپنی نمائندہ تنظیم آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کی طرف سے جموں وکشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کی تاریخی قرارداد کی یاد میں منارہے ہیں اور وہ مقبوضہ کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کا مطالبہ کرتے ہیں ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے سیمینار کی صدارت کی جبکہ جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے سابق امیر عبدالرشید ترابی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے 19جولائی 1947کو منظور ہونے والی قرارداد کو کشمیریوں کی منزل قرار دیا اور اس مقصد کے حصول کے لیے اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کی خواہشات کے برخلاف جموں و کشمیر پر فوجی طاقت کے بل پر زبردستی قبضہ کر رکھا ہے لیکن ایک دن ضرور کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کرلیں گے کیونکہ طاقت کے وحشیانہ استعمال سے ان کے جذبہ آزادی کو کمزور نہیں کیا جا سکتا۔دیگر مقررین اور شرکا میں غلام محمد صفی، محمد فاروق رحمانی، سید فیض نقشبندی، سید یوسف نسیم، ثنا للہ ڈار، شیخ عبدالمتین،حسن البنائ، ایڈووکیٹ پرویز احمد، انجینئر مشتاق محمود ، راجہ خادم حسین، نثار مرزا،مشتاق احمد بٹ،زاہد صفی، زاہد اشرف، عبدالمجید، گلشن احمد، سید مشتاق گنائی ،منظور احمد ،دائود خان یوسفزئی ،ندیم وانی ، رئیس احمد ، خالد شبیر ، سید کفایت رضوی اور دیگر شامل تھے۔اس موقع پر منظور کی گئی ایک قرارداد میں جموں و کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ قرارداد میں مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت اور پاکستان کے درمیان بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکراتی عمل پر بھی زور دیا گیا۔بھارت اورمقبوضہ کشمیر کی مختلف جیلوں میں کالے قوانین کے تحت غیر قانونی طورپر نظربند تمام سیاسی رہنمائوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے قرارداد میں کشمیری شہدا کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے مشن کواس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیاگیا ۔ادھر "یوم الحاق پاکستان” کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر کی متعدد جماعتوں، کشمیری مہاجرین اور دیگرگروپوں نے راولپنڈی، مظفرآباد، میرپور، راولا کوٹ اور آزاد جموں و کشمیر کے دیگر علاقوں میں تقریبات منعقد کیں۔