
مقبوضہ جموں وکشمیر میں جی20 اجلاس کے انعقاد کے خلاف آزادکشمیر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری
مظفرآباد21مئی() مقبوضہ جموں وکشمیر میں جی 20 اجلاس کے انعقاد کے خلاف مظفرآباد میں ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیاگیا اور ریلی نکالی گئی۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے زیر اہتمام ریلی میں حریت رہنمائوں سمیت مختلف سیاسی ، سماجی اورمذہبی تنظیموں نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ بھارت کی طرف سے متنازعہ ریاست میں جی 20 کے اجلاس کا انعقاد عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت یہ اجلاس منعقد کرکے دنیا کو دھوکہ دینا چاہتا ہے کہ مقبوضہ ریاست میں حالات پر امن ہیںاور کشمیری بھارت کے ساتھ خوش ہیںجبکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔مقررین نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری ظلم و بربریت، قتل و غارت، پکڑ دھکڑ ، آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی کوششوں ،گھروں کومسمارکرنے اورزمینیں چھیننے کی شدید مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے جہاں بھارت جی 20کا اجلاس منعقد نہیں کرسکتا۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کو ایسا کرنے سے روکے۔مقررین نے جی 20 ممالک سے اپیل کی کہ وہ اس اجلاس کا بایکاٹ کریںکیونکہ بھارت ایک قابض ملک ہے جس نے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے۔مقررین نے کہاکہ بھارت نے کشمیریوں کی آواز دبانے اور ان کی آزادی سلب کرنے کے لیے علاقے میں10 لاکھ کے قریب فوجی تعینات کررکھے ہیںجنہوں نے نہتے کشمیریوںکی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جی 20ممالک کو چاہیے کہ وہ اجلاس میںشرکت کے بجائے بھارت پر دبائو ڈالیں کہ وہ کشمیریوں سے حق خود ارادیت کا وعدہ پوراکرے۔ احتجاجی مظاہرہ سے ڈائریکٹر لبریشن کمیشن راجہ محمد اسلم، مشتاق احمد بٹ، عزیر احمد غزالی، شوکتِ جاوید میر، مشتاق الاسلام، رزاق خان ، ریاض احمد اعوان، منیر احمد کونشی،زبیر درانی اور فیض اللہ درانی نے خطاب کیا۔