پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیسز؛ عمران خان کیخلاف دہشتگردی کی دفعات خارج

اسلام آباد: سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس میں دہشتگردی کی دفعات خارج کر دی گئیں۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے عمران خان کے خلاف دو کیسز میں دہشت گردی کی دفعات حذف کر دیں۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج جواد عباس حسن نے فیصلہ سنایا۔

عمران خان کے شریک ملزم نے دہشت گردی کی دفعات خارج کرنے کی درخواست دائر کی تھی جبکہ عمران خان کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھہ و انتظار حسین پنجوتھہ ایڈوکیٹ نے درخواست دی تھی۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے دہشت گردی کی دفعات نکال کر کیس سیشن کورٹ کو بھیج دیا۔

واضح رہے کہ 2014 میں پی ٹی آئی کے دھرنے میں پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر حملے کے مقدمات درج کیے گئے تھے، جس میں دہشتگردی کی دفعات بھی شامل کی گئی تھیں۔