نیا آرمی چیف سیاسی گند اپنے کندھوں پہ نہیں اٹھائے گا، شیخ رشید

راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جو بھی نیا آرمی چیف آئے گا وہ سیاسی گند اپنے کندھوں پہ نہیں اٹھائے گا۔

 

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کیئرٹیکر کا دورانیہ بڑھوانا اور من پسند تعیناتی بھی چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ٹکٹ میں دو مزے نہیں مل سکتے۔

حکومتی اتحاد اور وزیر خارجہ کی پریس کانفرنس پر تنقید کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا سیاسی جنازہ نکل چکا ہے، جس کی سیاسی چیخیں بلاول کی پریس کانفرنس میں واضح ہیں۔ کورونا یا ڈرونا کا فیصلہ بھی 72 گھنٹوں میں ہو جائے گا۔ 26 نومبر کو عمران خان کا راولپنڈی میں تاریخی استقبال کریں گے۔

سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ملک کا وزیر خارجہ بلاول اپنے ملک کے صدرکو دھمکیاں دےرہاہے۔ مانگے تانگے کی حکومت کا یہی نتیجہ ہوتا ہے۔ عمران خان کو کسی کی تعیناتی پہ اعتراض نہیں، جو بھی نیا آرمی چیف آئے گا، وہ سیاسی گند اپنے  کندھوں پہ نہیں اٹھائے گا اور ملک کو الیکشن کی طرف لے کر جائے گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ  آئندہ 5 روز سیاست میں فیصلہ کن ہیں۔