پونچھ میں محمد حنیف کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار

جموں03جولائی(کے پی این)غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں قابض حکام نے پیر پنجال پیس فانڈیشن کے چیئرمین محمد حنیف کالس کو کالے قانو ن پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتارکرکے پونچھ کی جیل میں نظربند کردیا ہے۔
محمد حنیف کالس گزشتہ ایک ماہ سے علیل ہیں اورگھر سے باہر جانے سے قاصر تھے لیکن بھارتی پولیس انہیں بستر علالت سے اٹھا کر اپنے ساتھ لے گئی ہے۔ان کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ وہ دل کے عارضے میں مبتلا اور شوگر کے مریض ہیں۔ ان کے اہلخانہ اور پارٹی ارکان کو تشویش ہے کہ انہیں علاج ومعالجے سے محروم رکھ کرذہنی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جائے گا۔پارٹی عہدیداروں نے محمد حنیف کالس کی غیر قانونی نظربندی کی مذمت کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیاہے کہ بھارت کے اوچھے ہتھکنڈے اورقیادت کی گرفتاری سے تحریک آزادی کو دبایا نہیں جا سکتا۔ پارٹی کے جنرل سیکریٹری الطاف خان نے کہا کہ تمام تر مشکلات اور بھارتی جبر کے با وجود تحریک آزادی کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھا جائے گا۔