کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کا 50سے زائد کشمیریوں کی بھارتی جیلوں میں منتقلی پراظہار تشویش

اسلام آباد 03جولائی(کے پی این)کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ نے حریت رہنمائوں محمد یوسف فلاحی، عادل زرگراور ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی سمیت 50سے زائد کشمیریوں کی کوٹ بھلوال جیل جموں سے بھارت کی مختلف جیلوں میں منتقلی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔  کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے ایک بیان میں انسانی حقوق کے ممتاز کارکن محمد احسن انتو کوسینٹرل جیل سرینگر سے جموں کی کوٹ بھلوال منتقل کرنے پر بھی افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے کارکن کی گرفتاری آزادی اظہار کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جنگی ہتھیاراوراستعماری پالیسی کے تحت انسانی حقوق کے کارکنوں اور صحافیوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے مظالم کو چھپانے کے لیے میڈیا پر بھی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔