
پنجاب اسمبلی میں وزارت اعلیٰ کے انتخاب کا میدان آج پھر سجے گا
لاہور: صوبے میں جاری آئینی و سیاسی بحران کے خاتمے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کا میدان آج پنجاب اسمبلی میں ایک بار پھر سجنے والا ہے۔
ذرائع کے مطابق اتحادی جماعتوں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، راہ حق پارٹی اور دیگر آزاد اراکین پر مشتمل افراد اپنی اپنی قیادت کی ہدایات پر علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ کے قریب واقع نجی ہوٹل میں قیام پذیر ہیں، جہاں سے وہ بڑی بسوں کے ذریعے ایک قافلے کی صورت میں پنجاب اسمبلی کے لیے روانہ ہوں گے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے صوبائی اسمبلی جانے والے قافلے میں خود حمزہ شہباز بھی موجود ہوں گے، جو اراکین کے اعزاز میں نجی ہوٹل میں ظہرانہ بھی دیں گے۔ اس سلسلے میں قافلے کی سکیورٹی کے لیے پولیس کو سخت انتظامات کی ہدایت کی گئی ہے۔