ہماری پابندیاں بہت تکلیف دیں گی، روس کا مغرب کو انتباہ

ماسکو: روس نے مغرب کو خبردار کیا ہے کہ اگر ماسکو نے پابندیاں لگائیں تو مغربی ممالک کو سخت مشکلات اور تکالیف کا سامنا کرنا پڑے گا۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کا کہنا ہے کہ پابندیاں لگانے سے متعلق ہم بڑے پیمانے پر کام کر رہے ہیں جو مغربی ممالک میں بہت شدت سے محسوس کی جائیں گی۔

وزارت خارجہ کے شعبہ اقتصادی تعاون کے ڈائریکٹر دمتری بریچیفسکی نے بتایا کہ روس کی جانب سے لگائی جانے والی پابندیاں بہت خطرناک ہوگی جو مغربی ممالک کو جھنجھوڑ دیں گی۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے منگل کو روسی تیل اور توانائی کی دیگر درآمدات پر فوری پابندی عائد کر دی تھی۔

اس سے قبل، روس نے خبردار کیا تھا کہ اگر امریکا اور مغربی ممالک نے روس کے خام تیل کی درآمد پر پابندی لگائی تو عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 300 ڈالر فی بیرل تک پہنچ جائے گی۔

واضح رہے کہ 1991 میں سوویت یونین کے زوال کے بعد اس وقت روس کی معیشت کو سب سے زیادہ بحران کا سامنا ہے۔