آسٹریلیا سے سیریز، ٹیسٹ کرکٹرز کا کیمپ آج کراچی میں شروع ہوگا

کراچی: آسٹریلیا سے ہوم ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل دستیاب کھلاڑیوں کا تربیت کیمپ آج سے کراچی میں شروع ہورہا ہے۔

آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل دستیاب کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ آج سے کراچی میں شروع ہورہا ہے، جس میں اظہرعلی، فواد عالم، امام الحق، نعمان علی، ساجد خان اور سعود شکیل شرکت کریں گے، ریزرو کھلاڑی یاسر شاہ اور محمد عباس بھی کیمپ کا حصہ ہوں گے، لیگ اسپنر زاہد محمود اسلام آباد یونائیٹڈ کے اسکواڈ میں شمولیت کے باعث حصہ نہیں لیں گے۔

معاونت کے لیے اضافی کھلاڑیوں کو بھی طلب کیا گیا ہے۔ان میں عالیان محمود، احمد بشیر، علی عثمان، ارشد اللہ، حسیب اللہ،محمد علی، رضاالمصطفیٰ اورتاج ولی شامل ہیں۔

فاسٹ بولرعرفان اللہ نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے باعث رپورٹ نہیں کی،ان کی جگہ قومی انڈر 19 پیسر محمد ذیشان کو طلب کرلیا گیاہے۔ہیڈکوچ ثقلین مشتاق کی زیرنگرانی کیمپ 22 فروری تک جاری رہے گا، سابق ٹیسٹ کپتان محمد یوسف بیٹنگ کوچ ہوں گے،پی ایس ایل 7 میں شریک کرکٹرز کیمپ کا حصہ نہیں بنیں گے۔

دریں اثنا تربیتی کیمپ کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی، کیوریٹرز نے مشقوں کے لیے5 پچز بھی تیار کی ہیں، سپورٹنگ پچز بولرز اور بیٹسمینوں کے لیے یکساں طور پر معاون ہوں گی۔