کشمیری عوام بہادری حوصلے، صبر اور اتحاد کا مظاہرہ کریں شبیر احمد شاہ جموں وکشمیر کے عوام کی آواز کو فوجی طاقت سے دبایانہیں جا سکتا

سری نگر()کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر وائس چیئرمین شبیر احمد شاہ نے مختلف علاقوں سے آٹھ نوجوانوں کی جبری گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔ شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں کہا کہ کشمیری عوام کی بھاری اکثریت نے 1947کے بعدجموں وکشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو مسترد کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں درج حق خودارادیت کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حریت پسند کشمیر ی عوام کی طرف سے شروع کی گئی مزاحمتی تحریک اس بات کی گواہی دیتی ہے کہ کشمیری عوام کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کا پرامن حل چاہتے ہیں جسے عالمی برادری نے تسلیم کررکھاہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر وائس چیئرمین نے بھارت کی غیر منطقی ہٹ دھرمی، محصور علاقے میںمعصوم لوگوں کے بے رحمانہ قتل، نوجوانوں کی بے دریغ گرفتاریوں، مختلف بہانوں سے عوام کی تذلیل اور سیاسی سرگرمیوں، اظہاررائے کی آزادی اور شہری آزادیوں پر پابندیوں پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہا کہ ایک مقامی عوامی تحریک کوجس کو اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری کی طرف سے قانونی حیثیت حاصل ہے، فوجی طاقت سے دبایانہیں جا سکتا۔انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا کہ وہ بھارتی غنڈہ گردی، لوٹ مار اور وسیع پیمانے پر نسل کشی کے خلاف سنجیدہ کارروائی کریں اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جن پر بھارت نے بھی دستخط کررکھے ہیں، حل کرنے میں مدد دیں ۔شبیر احمد شاہ نے کشمیری شہدااور بھارت اورمقبوضہ علاقے کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظربند حریت رہنماں اور کارکنوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ ہماری اجتماعی اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ ہم بھارت کی طرف سے وحشیانہ فوجی طاقت کے استعمال کے باوجود بہادری، حوصلے، صبر اور اتحاد کا مظاہرہ کریں اور مزاحمتی تحریک کو اس کے منطقی انجام تک پہنچائیں۔