‘رانا شمیم کا حلف نامہ اور ثاقب نثار کی لیک آڈیو سچ ہوئی تو حکومت گر جائے گی’

گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کے صاحبزادے احمد حسن رانا کا کہنا ہے کہ ان کے والد کو اگلی سماعت پر حلف نامہ لازمی جمع کرانا ہوگا۔

احمد حسن رانا نے کہا کہ اگر والد نے اگلی سماعت پر حلف نامہ جمع نہ کرایا تو ان پر توہینِ عدالت لگ جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر رانا شمیم کا حلف نامہ اور ثاقب نثار کی لیک آڈیو سچ ثابت ہوگئی تو عمران خان کی حکومت گر جائے گی۔

احمد حسن رانا کا کہنا تھا کہ  ان کے والد ان سے مشورہ کرتے تو وہ یہی کہتے کہ ساڑھے تین سال بعد حلف نامہ جمع مت کرائیں کیوں کہ بہت دیر ہوچکی ہے لیکن سچ تو 3 کیا 10 سال بعد بھی سامنے آجائے تو کیس دوبارہ کھل سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیصل واوڈا، فواد چوہدری، مراد سعید، اٹارنی جنرل انور منصور خان سمیت دیگر حضرات جو میرے والد صاحب کے بارے میں باتیں کررہے ہیں ، ان سے پوچھیں کہ ان کی چیخیں کیوں نکل رہی ہیں؟

احمد حسن رانا کا کہنا تھا کہ میرا سوال ہے کہ کیا یہ لوگ ثاقب نثار کے خاندان کے لوگ ہیں یا یہ ان کے وکیل ہیں؟