بھارتی فوج کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ، چیف آف ڈیفنس جنرل بپن شدید زخمی

نئی دہلی: بھارتی فوج  کے پہلے چیف آف ڈیفنس جنرل بپن راوت کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کا ملٹری ہیلی کاپٹر ریاست تامل ناڈو میں کونور کے قریب گر کر تباہ ہوا، واقعے کے بعد سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹر  میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت، ان کی اہلیہ، خاندان اور  عملے کے افراد سوار تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مقامی حکام کا کہنا ہےکہ حادثے کے نتیجے میں اب تک 7 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جب کہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت  حادثے میں شدید زخمی ہوئے جن کی حالت تشویشناک ہے۔

حادثے میں تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کی ایک تصویر۔ فوٹو: اے این آئی
حادثے میں تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کی ایک تصویر۔ فوٹو: اے این آئی

بھارتی فضائیہ کی جانب سے بھی اس حوالے سے سوشل میڈیا پر تصدیق کی گئی ہے کہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کا ایم آئی 17وی فائیو ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا ہے۔

ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد متاثرہ جگہ سے دھواں اٹھتا دکھائی دے رہا ہے۔ فوٹو: اے این آئی
ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد متاثرہ جگہ سے دھواں اٹھتا دکھائی دے رہا ہے۔ فوٹو: اے این آئی

انڈین ائیر فورس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا رپورٹس میں ہیلی کاپٹر حادثے میں 7 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں کون کون شامل ہے۔

بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے کی جگہ سے ملنے والی لاشوں کو ملٹری اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت اپنی مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد 31 دسمبر 2019 کو ریٹائر ہوئے  تھے لیکن مودی سرکار نے انہیں بھارت کا پہلا چیف آف ڈیفنس اسٹاف مقرر کیا تھا۔