امریکی سینیٹ میں پیش کردہ پاکستان مخالف بل پر خاموش نہیں بیٹھیں گے: وزیر خارجہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ امریکی سینیٹرز کی جانب سے افغانستان سے متعلق مجوزہ مسودہ قانون پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔

ڈنمار کے وزیر خارجہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امریکا میں لابیز اور ہمارے ہمسائے اس بل کے پیچھے ہیں، کانگریس کو افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو سمجھنا ہو گا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان کے معاملے پر پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانا مسئلے کا حل نہیں ہے۔

اس موقع پر وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے لیے پاکستان کو سپورٹ کرنے پر ڈنمارک کے مشکور ہیں، پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان گرین پارٹنر شپ معاہدہ ہوا ہے۔

ڈنمارک کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم سب کے افغانستان میں مشترکہ مفادات ہیں، نہیں چاہتے کہ افغانستان میں دہشتگرد گروپ دوبارہ منظم ہوں۔