شیخ عبدالمتین کو اسلام آباد میںجموںوکشمیر مسلم لیگ کا نمائندہ خصوصی مقرر کر دیا گیا مسرت عالم بٹ جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں عبدالاحد پرہ

سری نگر()  شیخ عبدالمتین کو اسلام آباد میںجموںوکشمیر  مسلم لیگ کا نمائندہ  مقرر کر دیا  گیا ہے ۔ حریت رہنماشیخ عبدالمتین اب  اسلام آباد میںجموںوکشمیر میں مسلم لیگ اورحریت کانفرنس کے چیرمین مسرت عالم بٹ کے نمائندے ہوں گے۔ جموںوکشمیر میں مسلم لیگ کے قائمقام چیئرمین عبدالاحد پرہ نے ایک خط کے زریعے شیخ عبدالمتین کو نئی ذمہ داری تفویض کر دی ہے۔ عبدالاحد پرہ نے مسرت عالم بٹ کو کل جماعتی حریت کانفرنس کا چیئرمین منتخب کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ایک خوش آئند قدم قراردیا ہے۔عبدالاحد پرہ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بابائے حریت سید علی شاہ گیلانی کی شہادت کے بعد تحریک آزادی کشمیر میں جو خلاپیدا ہو گیاہے مسرت عالم بٹ میں اس خلا کو پورا کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا مسرت عالم بٹ میں تحریک آزادی کو حریت پسند عوام کی امنگوں اورخواہشات کے مطابق آگے لے جانے کی صلاحیت موجود ہے۔انہوں نے کہاکہ مسرت عالم بٹ نے اپنی ثابت قدمی سے ثابت کیا ہے کہ وہ کشمیریوں کی مبنی برحق جدوجہد کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔مسرت عالم بٹ نے زندگی کا بیشتر حصہ جیل کی تنگ و تاریک کوٹھریوں میں گزارنا پسند کیا لیکن تحریک آزادی سے ایک لمحے کے لیے بھی الگ نہیں رہے۔ عبدالاحد پرہ نے کہاکہ مسرت عالم بٹ نے اپنی زندگی کے قیمتی 25 سال جیلوں میں گزارے، ان پر 38 بار کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگوکیا گیا، مقبوضہ جموں وکشمیر کے بیشتر تھانوں میں ان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے لیکن مسرت عالم بٹ کے عزم وحوصلے میں ذرہ برابر بھی کمی نہ آئی ۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین کے طورپرمسرت عالم بٹ کا انتخاب بہترین فیصلہ ہے جس کو کشمیری عوام بالخصوص نوجوان طبقہ بھی قبول کرے گاکیونکہ وہ مسرت عالم بٹ کو بہت چاہتے ہیں۔عبدالاحدپرہ نے تمام حریت پسندوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مسرت عالم بٹ آپ کو مایوس نہیں کریں گے اورجدوجہد آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔