آزاد کشمیر: وزرات عظمیٰ کیلئے بیرسٹر سلطان، سردار تنویر کے مابین ’مقابلہ‘

اسلام آباد: آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) کے وزیر اعظم کے منصب کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سردار تنویر الیاس اور بیرسٹر سلطان محمود کے مابین فیصلہ ہوگا۔

غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی نے 25، پیپلز پارٹی نے 10 اور پاکستان مسلم لیگ (ن) 6 حلقوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔

آزاد جموں و کشمیر کی سیاست میں نئے آنے والے سردار تنویر الیاس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ وزارت عظمیٰ کے لیے ’مضبوط‘ امیدوار ہیں۔

تحریک انصاف کے ذرائع نے بتایا کہ اے جےکے کے سابق وزیر اعظم بیرسٹر سلطان محمود نے عہدہ نہ دیے جانے کے امکان پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

اس حوالے سے وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ دونوں امیدواروں کو اے جے کے وزیر اعظم کے عہدے کے لیے غور کیا جارہا ہے لیکن ’حتمی فیصلہ وزیر اعظم عمران خان ہی کریں گے‘۔

انہوں نے تصدیق کی کہ سردار تنویر الیاس اور بیرسٹر سلطان محمود دونوں نام وزرات عظمیٰ کے لیے زیر غور ہیں۔

بیرسٹر سلطان محمود سے کیے جانے والے پر ان کی ناراضگی سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ابھی فیصلہ ہونا باقی ہے۔

اس وقت سردار تنویر الیاس وزیر اعلیٰ پنجاب کے سرمایہ کاری سے متعلق خصوصی معاون کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔

مسلم لیگ نواز (ن) نے ان پر الزام عائد کیا کہ وہ حکمراں جماعت تحریک انصاف کو ’بھاری‘ فنڈز فراہم کرتے رہے ہیں تاہم تنویر الیاس نے اس الزام کی تردید کی ہے۔

گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس نے کہا کہ حتمی فیصلہ وزیر اعظم عمران خان ہی کریں گے۔

تاہم انہوں نے کہا کہ اگر انہیں آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم کا درجہ دیا گیا تو وہ وزیر اعظم خان کی توقعات پر پورا اتریں گے۔