سعودی عرب، غیرملکیوں‌ کو لوٹنے والا جعلی پولیس اہلکار گرفتار

ریاض: سعودی عرب کی پولیس نے مکہ مکرمہ سے غیرملکیوں کو لوٹنے والے جعلی پولیس اہلکار کو حراست میں لے لیا۔

عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں مکہ مکرمہ کی پولیس نے اتوار کے روز ایک کارروائی کر کے مقامی شہری کو گرفتار کیا جس نے حال ہی میں جعلی اہلکار بن کر تین غیر ملکی کارکنان کو لوٹا تھا۔

پولیس ترجمان محمد الغامدی کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے لوٹ مار کی وارداتیں کرنے والے سعودی شہری کو حراست میں لے لیا، ملزم غیر ملکی کارکنان کو مختلف مقامات پر روک کر تلاشی لیتا اور انہیں ڈرا دھمکا کر رقم چھین لیتا تھا۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب: اونٹ پر گھومنے والا باوردی شخص کون؟ وائرل ویڈیو کا معمہ حل

پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ گرفتار ہونے والے شخص کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور اب اُسے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا جائے گا تاکہ مقدمے کی کارروائی آگے بڑھ سکے۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ سعودی شہری مکہ مکرمہ کی کسی بھی شاہراہ پر پولیس کی وردی پہن کر کھڑا ہوجاتا تھا اور اس دوران وہاں سے جو بھی غیر ملکی گزرتا تھا اُس سے اقامہ مانگنے کے بعد تلاشی لے کر سامان چھین لیتا تھا۔

حال ہی میں جعلی اہلکار کا نشانہ بننے والے تینوں غیرملکی کارکنان نے اپنی کمپنی کے سامنے معاملہ اٹھایا جس کے بعد انہوں نے پولیس میں شکایت درج کی اور پھر پولیس نے تحقیقات مکمل کر کے مقامی شہری کو گرفتار کیا۔

via ary news