جنوبی کشمیر میں تین نوجوانوں کی شہادت کے بعد احتجاجی مظاہرے وسیم بنگرو ،شاہنواز اور ذاکر احمد نائک کی لاشیں واپس کرنے کا مطالبہ

سری نگر() جنوبی کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں تین کشمیریوں نوجوانوں کی شہادت کے بعد صورت حال خراب ہوگئی ہے ۔ مقامی لوگوں نے بھارتی فوج کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے ہیں اوروسیم بنگرو ، شاہنواز  احمد  اور ذاکر احمد نائک کی لاشیں تدفین کے لیے لواحقین کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ بھارتی فوج نے  دمحال ہانجی پورہ کولگام کے ایک دور افتادہ  گائوںکے چمر علاقے میں حسب معمول گھر گھر تلاشی کے نام پر گزشتہ روز ان تین نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا۔ شہدا کی شناخت ذاکر نائک چیمبر کوگام، وسیم بنگرو ریڈوانی کولگام، شاہنواز  بشیر لون شوپیاں کے طور پر ہوئی ہے ۔ فوج نے  لاشیں  لواحقین کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا ہے ۔ اس کارروائی میں بھارتی فوج نے ایک گھر کو بھی تباہ کر دیا۔علاقے کے سبھی داخلی اور خارجی راستے بند کر دیے گئے  علاقے میں مزید فورسز کو طلب کیا گیا ہے۔