بھارتی فوجیوں نے نہتے کشمیریوں کا جینا حرام کررکھا ہے: ایمپلائز موومنٹ

سرینگر16مارچ : غیرقانونی طوپربھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں جموں و کشمیر ایمپلائز موومنٹ نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے حال ہی میں شوپیان، پلوامہ، سوپور اور دیگر علاقوں میں پر تشدد کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قابض فوجیوں نے نہتے کشمیری عوام کا جینا حرام کررکھا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ایمپلائز موومنٹ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز کورونا وائرس کی مہلک وبا میں بھی لوگوں کو نہیں بخش رہی اور انہیں تشدد کا نشانہ بنارہی ہیں۔انہوں نے گزشتہ روز شوپیان میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداءکی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور کشمیر بھارت کے جبری قبضے سے آزاد ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا، جنوبی ایشیامیں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔ترجمان نے کہاکہ یہ بھارت کی غلط فہمی ہے کہ وہ بے گناہ نوجوانوںکے قتل اور جبر و استبداد کے دیگر ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا سکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے تنازعہ کشمیر کی بنیادی حقیقت کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ کشمیرکے بارے میں اپنی ظالمانہ پالیسی ترک کرے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے کر تنازعہ کشمیر کو حل کرے۔انہوں نے آسیہ اندرابی اور انکی ساتھیوں کی مسلسل نظر بندی کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے انکی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ ترجمان نے مقبوضہ جموںوکشمیر اور بھارت کی مختلف جیلوں میں نظربند حریت رہنماﺅں اور کارکنوں کی فوری رہا ئی کا بھی مطالبہ کیا۔