ہندوتوا نظریات ہی ہندوستان کی تباہی کا شاخسانہ ہوں گے : پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی

راولپنڈی(۔۔۔۔۔) پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کا جائزہ اجلاس سینئر نائب صدر جنرل(ر) جاوید اسلم طاہر کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں نائب صدر بریگیڈیئر (ر) سجاد، سیکریٹری جنرل کرنل (ر) نسیم راجہ،سپوکس پرسن اور ڈائریکٹر میڈیا سیل میجر (ر) عادل راجہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈومیسٹک مسعود چوہدری، پیس کشمیر چیپٹر عہدیداران صدر بریگیڈیئر (ر) زرین خان، جنرل سیکرٹری کرنل (ر) فاروق، ڈسٹرکٹ صدر کرنل (ر) مصطفٰی، چیف آرگنائزر میجر (ر) سعید چغتائی، فائنانس سیکریٹری میجر (ر) اسحاق، ممبر میجر (ر) مشتاق،سمیت دیگر نے شرکت کی۔ پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے جائزہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے مرکزی سینئر نائب صدر جنرل (ر) جاوید اسلم ظاہر نے کہا ہے کہ نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کرتے پاکستانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی تھنک ٹینک اور ویٹرنز تھنکرز فورم کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ آج کی جنگ نظریاتی جنگ بھی ہے جسے پوری پاکستانی قوم کو ایگریسیو اپروچ کے ساتھ لڑنا ہوگا۔ سیکریٹری جنرل کرنل (ر) نسیم راجہ نے اجلاس کے شرکاء کو پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کی جانب سے بلوچستان، خیبرپختونخواہ، ازاد کشمیر، اور گلگت بلتستان میں جاری مختلف پراجیکٹس سمیت پیس تھنک ٹینک، ویٹرنز تھنکرز فورم، اور پیس میڈیا سیل کی کارکردگی سے فورم کو آگاہ کیا اور کہا کہ تکمیل پاکستان کی جدوجہد سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے! افواج پاکستان سے ریٹائرڈ سپاہی قوم کا انمول اثاثہ ہیں جن کی خدمات سے استفادہ کرنے کی بھرپور کاوش جاری ہے۔ ساتھی مکمل اعتماد رکھیں کہ کوئ ہمارے جوتے کا تسمہ بھی نہیں خرید سکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے کام ہمارے الفاظ سے اونچا بولتے ہیں۔ ہزاروں محاذوں پر کارکنان خلوص نیت کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں جنہیں سلام پیش کرتے ہیں۔ پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کشمیر چیپٹر کے صدر بریگیڈیئر (ر) زرین خان نے فورم کو مقبوضہ جموں وکشمیر اور آزاد کشمیر میں جاری کارہائے منصبی سے فورم کو آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی – پیس کشمیر چیپٹر کے علاقائی عہدیداران نے عوامی رابطہ مہم مزید تیز کر دی ہے! انہوں نے اپنی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے فورم کو یقین دلایا کہ تکمیل پاکستان کے مشن میں پیس کشمیر چیپٹر ہراول دستہ کے طور پر کام کرتا نظر آتا رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دشمنان ملک و ملت کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں دی جائے گی۔ ڈائریکٹر میڈیا سیل اور سپوکس پرسن پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی میجر (ر) عادل راجہ نے میڈیا سیل کی کارکردگی سےفورم کو آگاہ کیا اور کہا کہ ہندوتوا نظریات ہی ہندوستان کی تباہی کا شاخسانہ ہوں گے۔ گندگی کے بطن سے اچھائ کی امید نہیں رکھی جا سکتی۔ سوشل میڈیا، الیکٹرانک میڈیا، پرنٹ میڈیا، اور سب سے بڑھ کر مین سپریم میڈیا پر نظریاتی جنگ بھرپور انداز میں لڑ رہے ہیں اور لڑتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دشمن لاکھ چالیں چلے، ہمیں ہر دم تیار پائے گا۔ پاک فوج اور پشاور دھماکہ کے شہدا کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ فورم نے پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی جائزہ اجلاس میں کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور عزم کو سراہا۔