اسلام آباد ، کراچی اور راولپنڈی میں دہشتگردی کا خدشہ ہے
افغانستان سے ٹی ٹی پی دوبارہ منظم ہورہی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اور پشاور میں بھی خطرات ہیں۔ شیخ رشید نے نیکٹا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ دہشتگرد حلال اور عدنان رشید کے کمانڈر متحرک ہیں۔اگر اللہ کو منظور ہوا تو ایک بار پھر امن قائم کریں گے۔ اسلام آباد میں تمام ناکے ختم کیے جائیں گے اور جدید سکیورٹی سسٹم لایا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ اسلام آباد میں 3 ناکے ختم کریں گے، سارے ناکے فضول اور غریبوں کو تنگ کرتے تھے۔گذشتہ روز اسمبلی کے سامنے جو کچھ ہوا برا ہوا، اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، قائدین کو بھی پریس کانفرنس کے لیے مناسب جگہ کا انتخاب کرنا چاہئیے تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ روز دہشت گردی کے واقعات میں دو پولیس افسر شہید ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز راولپنڈی اور اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی تھی۔ اسلام آباد میں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے تین پولیس اہلکار زخمی ہو ئے تھے جن میں سے ایک اہلکارقاسم شہید ہوگیا جب کہ دو زخمیوں جمیل اور قیصر کا اسپتال میں علاج معالجہ کیا جا رہا ہے۔