کشمیریوںکی خواہشات کے مطابق دیرینہ تنازعہ کشمیرکے پائیدار حل کے بغیر خطے میں دیرپا امن قائم نہیں ہو سکتا ، میر واعظ

سرینگر : مقبوضہ جموں وکشمیر میں حریت کانفرنس (ع )کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز مقبوضہ علاقے میں مسلسل ظلم و تشدد کی پالیسی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ میر واعظ نے جو گھر میں نظربند ہیں سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ   بے گناہ کشمیریوںکو جھوٹے مقدمات میں ملوث کر کے ہراساں اور گرفتار کیاجارہا ہے جبکہ بھارتی جیلوں میں نظربند کشمیریوں کی حالت زار ابتر ہے جو کہ بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔میر واعظ نے عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ جموںوکشمیرمیں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوںکی طرف مبذول کراتے ہوئے کہاکہ کشمیری آج 26 جنوری کو بھارت کا یوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے۔ انہوںنے مزید کہاکہ کشمیریوںکی خواہشات کے مطابق دیرینہ تنازعہ کشمیرکے پائیدار حل کے بغیر خطے میں دیرپا امن قائم نہیں ہو سکتا لہذا کشمیریوںکو انکا ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت فوری دیاجانا چاہیے ۔