خان سوپوری اور صمد انقلابی کا ہندوارہ اورکپوارہ قتل عام کے شہداءکو خراج عقیدت

سرینگر23جنوری : غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بزرگ حریت رہنما غلام محمد خان سوپوری اوراسلامی تنظیم آزادی کے چیئرمین عبدالصمد انقلابی نے ہندوارہ اور کپوارہ قتل عام کے شہداءکو ان کی برسیوںپر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری قوم جدوجہدآزادی کے دوران اپنی عزیز جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداءکو کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق غلام محمدخان سوپوری نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ دنیا کی تاریخ میں اس طرح نہتے عوام پر کبھی گولیاں نہیں برسائی گئیں جس طرح بھارتی فوجیوں نے کشمیریوں پر برسائی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مقبوضہ جموں کشمیر میں اس وقت کے سفاک صفت بھارتی گونر جگموہن نے اپنی تعیناتی کے فوراً بعد حریت پسند کشمیری عوام کو سبق سکھانے کے لئے فوج کو وسیع اختیار دیے اور جگہ جگہ کر بلا کے مناظر دہرائے۔ خان سوپوری نے کہا کہ بھارتی فوج نے ہندوارہ اور کپوارہ میں خون کی ہولی کھیل کربے گناہ شہریوں کو شہید کیا اور ظلم و جبر کی ایک ایسی بھیانک داستان رقم کی جسے حریت پسند کشمیری عوام ابھی تک فراموش نہیںکرسکے ۔
دریں اثناءاسلامی تنظیم آزادی کے چیئرمین عبدالصمد انقلابی نے بھی25جنوری1990ءکے ہندواڑہ قتل عام اور27جنوری 1994ءکے کپوارہ قتل عام کے شہداءکو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ا ن علاقوںمیں مکمل ہڑتال کی اپیل کی ۔ انہوںنے بھارتی تسلط سے مکمل آزادی تک جدوجہد آزادی جاری رکھنے کے کشمیری عوام کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہاکہ جموں کشمیر میں بڑے پیمانے پرانسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زوردیا کہ وہ جموں وکشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لیں۔ واضح رہے بھارتی فوج نے 25جنوری 1990ءکو ہندوارہ میں پرامن مظاہرین پر اندھا دھند فارئرنگ کرکے 21بے گناہ شہریوں کو شہید اوردرجنوں کو زخمی کیاتھا ۔ اسی طرح کپوارہ میں26 جنوری 1994ءکو بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر مکمل ہڑتال کرنے پر بھارتی فوجیوںنے لوگوں کو اجتماعی سزا دینے کے لئے 27جنوری کو اندھا دھند فائرنگ کرکے 27عام شہریوں کو شہید اور سینکڑوں کو زخمی کردیاتھاجن میں زیادہ تر دکاندار اور تاجر تھے۔