’اس سال کسی بچے کو امتحان کے بغیر پاس نہیں کیا جائے گا‘

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ اس سال کسی بچے کو امتحان کے بغیر پاس نہیں کیا جائے گا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کا اعلان کیا۔

شفقت محمود نے کہا کہ 18 جنوری سے نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعتوں میں تعلیمی سلسلہ دوبارہ شروع کیا جائے گا جب کہ پہلی جماعت سے آٹھویں جماعت تک کی تعلیمی سرگرمیاں یکم فروری سے شروع ہوں گی۔

وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ ہائر ایجوکیشن میں تعلیمی سرگرمیاں بھی یکم فروری سے بحال کی جائیں گی۔

اس موقع پر شفقت محمود کا کہنا تھا کہ تعلیمی ادارے بند کرنے سے تعلیم کا بہت نقصان ہواہے، اس سال کسی بچے کو امتحان کے بغیر پاس نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ماہرین نے بتایا تھا کہ تعلیمی ادارے بند کرنے سے مثبت شرح کم ہوگی، 15 ستمبر کو تمام تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا تھا، اس وقت بیماری لگنے کا ریٹ 1.9 کے قریب تھا۔

انہوں نے کہا کہ 26 نومبر کو تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا تو مثبت شرح 7.14 ہوگئی تھی، اب کورونا کی مثبت شرح 7.14 سے کم ہوکر 6.10 ہوگئی ہے۔

واضح رہےکہ کورونا وائرس کی پہلی لہر کے دوران ملک بھر میں تعلیمی اداروں کی بندش کےساتھ ساتھ میٹرک کے طلبہ کو بغیر امتحانات کے پاس کرنے کی پالیسی متعارف کرائی گئی تھی۔