کورونا وائرس مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریکارڈ 1355مثبت

  سرینگر// مقبوضہ جموں و کشمیر میں کورونا وائرس سے مزید 14افراد فوت ہوگئے ۔ مہلوکین کی تعداد بڑھکر 836ہوگئی جن میں سے 113جموں جبکہ 723 کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔ منگل کو ایک مرتبہ پھر سے ریکارڈ 1355 افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں۔ متاثرین کی مجموعی تعداد45ہزار کا ہندسہ پار کرکے 45925ہوگئی ہے۔ ان میں 13203جموںجبکہ کشمیر میں یہ تعداد 32722تک پہنچ گئی۔ تازہ 1355 متاثرین میں سے 785جموں جبکہ 570کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔ جموں کے 785متاثرین میں سے سب سے زیادہ 483 جموں، 55 راجوری،31کٹھوعہ، 59ادھمپور، 20سانبہ، 7رام بن، 35ڈوڈہ، 43پونچھ، 17ریاسی اور 35کشتواڑ سے تعلق رکھتے ہیں۔ کشمیر میں تازہ 570متاثرین میں سے 210سرینگر، 35جموں،31پلوامہ، 94بڈگام، 44اننت ناگ، 32بانڈی پورہ، 53کپوارہ، 10کولگام، 16شوپیان، 45گاندربل سے تعلق رکھتے ہیں۔

14اموات

 پچھلے 24گھنٹوں کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں مزید 14افراد کورونا وائرس سے فوت ہوگئے جن میں سے8جموں جبکہ 6کا تعلق کشمیر صوبے سے ہے۔ کشمیر میں فوت ہونے والے 6افراد میں سے 2سرینگر، ایک بارہمولہ، ایک پلوامہ ایک اننت ناگ اور ایک کپوارہ سے تعلق رکھتا ہے۔سرینگر میں تعینات محکمہ صحت کے ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا ’’ٹینگہ پورہ کی 85سالہ خاتون اور پنتھ چوک کا ایک 52سالہ شخص کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے نمونیا سے فوت ہوگیا ‘‘۔سینئر ڈاکٹر نے بتایا کہ ان دنوں مریضوں کی موت صدر اسپتال سرینگر میں ہوئی ہے۔بارہمولہ میں تعینات محکمہ صحت کے ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا ’’ پرن پلن اوڑی سے تعلق رکھنے والا ایک 73سالہ شخص کورونا وائرس سے سکمز صورہ میں فوت ہوگیا ‘‘۔کپوارہ میں تعینات محکمہ سخت کے ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا ’’اوورہ کپوارہ سے تعلق رکھنے والا65سالہ شخص جی ایم سی سرینگر میں 5ستمبر کوسکمز صورہ میں فوت ہوا تھا لیکن مرنے کے دو دن بعد اسکی رپورٹ مثبت آئی‘‘۔ پلوامہ میں تعینات محکمہ صحت کے ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا ’’کھریو سے تعلق رکھنے والا ایک 70سالہ شخص کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے نمونیا سے فوت ہوگیا ‘‘۔سینئر ڈاکٹر نے بتایا ’’ مرنے والے شخص کو منگل کی صبح صدر اسپتال سرینگر میں داخل کیا گیا لیکن وہ چند گھنٹوں کے بعد ہی فوت ہوگیا ‘‘۔جموں صوبے میں8فراد کورونا وائرس سے فوت ہوگئے جن میں سے 1جموں،3راجوری،2ڈوڈہ، ایک سانبہ اور ایک ریاسی سے تعلق رکھتے ہیں۔