دوستوں کو آپس میں جوڑے رکھنے کے لیے فیس بک کا شاندار فیچر

کرونا وائرس کی وبا کے دوران مختلف سمجی رابطوں کی ویب سائٹس نے نئے نئے فیچرز متعارف کروائے ہیں جن کا مقصد صارفین کو اسمارٹ فون سے جوڑے رکھنا ہے تاکہ وہ گھر میں رہیں، ایسا ہی ایک فیچر فیس بک کی جانب سے بھی متعارف کروایا گیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق فیس بک میسنجر میں ویڈیو کالز یا ویڈیو کانفرنسنگ ٹول رومز استعمال کرنے والے صارفین اب اپنے دوستوں اور گھروالوں کے ساتھ اسمارٹ فونز پر ریئل ٹائم میں اکٹھے ویڈیوز دیکھ سکیں گے۔

فیس بک کی جانب سے اس فیچر کا اعلان 14 ستمبر کو کیا گیا۔

کمپنی کا کہنا تھا کہ اس فیچر کے ذریعے صارفین سوشل نیٹ ورک کے ویڈیو حب فیس بک واچ سے ویڈیوز اور شوز منتخب کر کے اپنے پیاروں کے ساتھ اکٹھے دیکھ سکیں گے۔

یہ فیچر اینڈرائیڈ اور ایپل موبائل ڈیوائسز کے صارفین کے لیے دنیا بھر میں متعارف کروایا جارہا ہے۔

یہ نیا فیچر فیس بک کی جانب سے ویڈیوز کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے کیونکہ کرونا وائرس کی وبا کے دوران لوگ سماجی رابطے کی ویب سائٹس میں اپنا زیادہ وقت ویڈیوز دیکھتے ہوئے گزار رہے ہیں۔

فیس بک کے مطابق اس وقت روزانہ 15 کروڑ سے زائد ویڈیو کالز میسنجر پر کی جارہی ہیں جس کو دیکھتے ہوئے میسنجر روم نامی ٹول متعارف کرایا گیا جس میں 50 افراد کو ویڈیو چیٹ کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔

فیس بک واچ ویڈیو حب میں مختصر اور طویل ویڈیوز موجود ہوتی ہیں اور انہیں دیکھنے کے لیے کسی سبسکرپشن کی بھی ضرورت نہیں، بنیادی طور پر یہ حب یوٹیوب کے مقابلے کے لیے متعارف کرایا گیا تھا۔

دوستوں اور گھروالوں کے ساتھ اکٹھے ویڈیو دیکھنے کے لیے میسنجر ویڈیو کال یا میسنجر روم کو اسٹارٹ کر کے اور پھر سوائپ اپ کر کے مینیو میں جا کر واچ ٹوگیدر کو منتخب کرنا ہوگا۔