چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف کا دورۂ امریکہ ، بحری و سول قیادت سے اہم ملاقاتیں

راولپنڈی: چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے امریکہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امریکی کی اعلیٰ بحری اور سول قیادت سے اہم ملاقاتیں کی ہیں ۔

مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق انہوں نے امریکی ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف آپریشنز اور کوسٹ گارڈ کے وائس کمانڈنٹ سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کی۔ نیول چیف نے امریکہ کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا بھی دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے یونیورسٹی کے صدر وائس ایڈمرل پیٹر اے گارون سے ملاقات کی۔ ملاقاتوں میں پیشہ ورانہ امور، علاقائی سلامتی، ٹریننگ اور میری ٹائم تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے امریکی محکمہ خارجہ کا بھی دورہ کیا۔ نیول چیف کی سیاسی و عسکری امور کے ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری اسٹینلے ایل براؤن سے بھی ملاقات ہوئی۔ ایڈمرل نوید اشرف نے امریکی سکالرز اور تھنک ٹینک کے ماہرین سے بھی خطاب کیا۔نیول چیف نے امریکہ کے دورے پر علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز اور مشترکہ میری ٹائم کوششوں میں تعاون پر روشنی ڈالی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نیول چیف کا دورۂ امریکہ پاک، امریکہ میری ٹائم سیکیورٹی اور دفاعی تعاون کو فروغ دے گا۔