
کشمیری عوام سے اظہار یک جہتی کا دن اس بارنئے انداز میں منایا جائے گا۔ وفاقی حکومت نے اس سلسلے میں صوبائی حکومتوں سے بھی تجاویز طلب کر لی ہیں
اسلام آباد() کشمیری عوام سے اظہار یک جہتی کا دن اس بارپانچ فروری کو نئے انداز میں منایا جائے گا۔ وفاقی حکومت نے یوم یکجہتی کشمیر کو ایک نئے انداز سے منانے کے لئے صوبائی حکومتوں سے بھی تجاویز طلب کر لی ہیں۔پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیرمنانے کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے اعلی سطحی اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت وفاقی سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان شیر عالم محسود نے کی۔اجلاس میں چاروں صوبوں،آزاد کشمیر،گلگت بلتستان کے اعلی احکام کے علاوہ وزارت داخلہ،خارجہ،اطلاعات و نشریات،پی آئی ڈی،پی ٹی وی،لوک ورثہ،نیشنل آرٹس کونسل،ریلویز اور سول ایو ی ایشن کے اعلی احکام نے بھی شرکت کی۔اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری نے کہا کہ کشمیری بہنوں اور بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار ہمارا قومی فریضہ ہے اور 5فروری کو اندرون و بیرون ملک مقیم پاکستانی اور کشمیری عوام یوم یکجہتی کشمیر بھر پور انداز سے منائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور کشمیریوں کے حقوق کی آواز دنیا کے تمام کونوں تک پہچانے کے لئے ہم سب کو مل کر بھر پور کوشش کرنی ہے۔وفاقی سیکرٹری نے تمام صوبوں اور اداروں کے نمائندوں کو ہدایات جاری کیں کہ یوم یکجہتی کشمیر کو ایک نئے انداز سے منانے کے لئے بھی اپنی تجاویز سے آگاہ کریں تا کہ نہتے اور مظلوم کشمیری بہنوں اور بھائیوں سے یکجہتی کا پیغام ایک پر زور انداز میں ایل آو سی کے دوسری طرف پہنچایا جا سکے اور دنیا کو باآور کرایا جا سکے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کی بھر پور حمایت جاری رکھیں گے۔