پاکستان نیوی نے مزارِ اقبال پر گارڈز کی ذمہ داری سنبھال لی

لاہور،09نومبر21: آزاد ریاست کا نظریہ دے کر پاکستان کی بنیاد ڈالنے والے قومی شاعر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے 144ویں یومِ ولادت کے موقع پراُن کے مزار پر ایک پر وقار گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد کی گئی۔
پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض روایتی جوش و جذبے سے سنبھالے۔ اس دوران، رینجرز کا دستہ اپنے انچارج کی قیادت میں مزار سے رخصت ہوا۔ اسٹیشن کمانڈر (نیوی) لاہور کموڈور عامر اقبال خان نے پاکستان رینجرز اور پاک بحریہ کے گارڈز کا معائنہ کیا۔
گارڈز کی تعیناتی کے بعد قومی شاعر کے مزار پر امیرالبحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی، پاک بحریہ کے افسران، سیلرز اور نیوی سویلینز کی جانب سے اسٹیشن کمانڈر (نیوی) نے پھولوں کی چادر چڑھائی۔ بعدازاں، اسٹیشن کمانڈر نے فاتحہ پڑھی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔
تقریب میں سول و ملٹری افسران اور عام عوام نے شرکت کی۔