ویسٹ انڈیز اوپنرز کا شاندار لاٹھی چارج، سری لنکا کو شکست

اینٹیگا: کالی آندھی کے اوپنرز کی ریکارڈ پارٹنر شپ کی بدولت سری لنکا کو پانچ وکٹوں سے شکست کھانی پڑی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ اینٹیگا کے سر ویون رچرڈسن میدان میں کھیلا گیا، جہاں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر مہمان آئی لینڈرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

سری لنکا نے اوپنر ڈینوشکا گناتیلکا کے 96 ، مڈل آرڈر بلے باز چندی مل 71 اور آل راؤنڈر واناندو ہسرانگا کے برق رفتار 47 رنز کی بدولت مقررہ پچاس اوورز میں ویسٹ انڈیز کو 273 رنز کا ہدف دیا، ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن محمد نے 3 اور آلازاری جوزف نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں ویسٹ انڈیز کے اوپنرز ایون لیوس اور شائے ہوپ نے کھیل کا جارحانہ آغاز کیا، دونوں اوپنرز کے درمیان ریکارڈ 192 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی، ایون لیوس نے آئی لینڈرز کے خلاف شانداری سینچری اسکور کی، وہ 101 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

شائے ہوپ نے 84 رنز بنائے، بعد ازاں ویسٹ انڈیز نے 273 رنز کا ہدف میچ کے آخری اوور میں پورا کرلیا،سری لنکا کی جانب سے نوان پردیپ اور تشارا پریرا نے 2 دو وکٹیں حاصل کیں۔

اسی فتح کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز نے تین میچوں کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔