
صوبائی کابینہ کے اجلاس کے فیصلے کے پیش نظر گلگت بلتستان حکومت کی جانب سےحکومتی وفد کوہ پیما محمد علی سدپارہ کے گھر جاکر انکے ورثاء سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
گلگت صوبائی کابینہ کے اجلاس کے فیصلے کے پیش نظر گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی امجد زیدی،مشیر خوراک شمس لون،کمشنر بلتستان شجاع عالم و دیگر حکومتی وفد کوہ پیما محمد علی سدپارہ کے گھر جاکر انکے ورثاء سے ہمدردی کا اظہار کیا۔اس حوالے سے مشیر خوراک گلگت بلتستان شمس لون نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کی جانب سے قومی ہیرو اور مشہور کوہ پیما محمد علی سدپارہ کیلئے صوبائی کابینہ کا خصوصی اجلاس بلایا گیا تھا جس میں اپنے عظیم ہیرو محمد علی سدپارہ کو خراج تحسین پیش کیا گیا تھا اور فیصلہ ہوا تھا کہ گلگت بلتستان حکومت کا خصوصی وفد ان کے گھر جاکر لواحقین سے اظہارِ تعزیت کریگا اور حکومتی پیکیج کے حوالے سے باقاعدہ طور پر آگاہ کریگا۔اس حوالے سے ہم ان کے گھر گئے اور لواحقین سے اظہار تعزیت کی،ان کے بلند حوصلہ اور بہادری پر خراج تحسین بھی پیش کیا اور حکومتی پیغام ان کے لواحقین اور علی سد پارہ کے صاحبزادے ساجد سدپارہ تک پہنچایا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس موقع پر ہم نے حکومت گلگت بلتستان کی جانب سے دیئے گئے پیکیج کے حولے سے بھی انہیں آگاہ کیا۔مشیر خوراک شمس لون نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ انشاء اللہ بہت جلد وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان بھی سکردو جاکر اپنے عظیم ہیرو کے لواحقین سے ملیں گے اور ان کے دکھ درد میں شریک ہونگے۔انیوں نے مزیدکہا کہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں ان کی بہادری و شجاعت پر پوری کابینہ نے بھی خراج تحسین پیش کیا تھا انہوں نے کہا کہ محمد علی سدپارہ نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا محدود وسائل اور خطرات کے باوجود کوہ پیمائی کے شعبے کا انتخاب کیا اور پوری دنیا میں ملک کا نام روشن کیا،ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔شمس لون نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں باقاعدہ فیصلہ ہوا ہے کہ کوہ پیمائی کو فروغ دینے اور کوہ پیماؤں کی فلاح وبہبود کیلئے پالیسیز بنائی جائینگی۔ان کا کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس کے فیصلے کے مطابق محمد علی سدپارہ کے بیٹے ساجد علی سدپارہ کو کوہ پیمائی میں بین الاقوامی سطح کی تربیت کرائی جائیگی جسکے بعدمحمد علی سدپارہ انسٹیٹیوٹ فار ایڈونچر سپورٹس، ماونٹئرنگ اینڈ راک کلائمبنگ میں کوہ پیمائی کی تربیت دیگا۔شمس لون نے مزید کہا کہ قومی ہیرو کی فیملی کا حوصلہ بھی علی سدپارہ جیسا ہی بلند ہے اور انکی عظیم قربانی پر پورا پاکستان ہمیشہ فخر کریگا۔