نئے سال کے آغاز پر واٹس ایپ میں تبدیلی سے متعلق اچھی خبر

سال کی شروعات سے قبل ہی واٹس ایپ پالیسی میں مخصوص تبدیلی کی خبروں نے صارفین کو خفا کر دیا تھا اور پرائیویسی پالیسی میں کی جانے والی تبدیلیوں اور ڈیٹا شیئرنگ خبروں کے بعد دنیا بھر کے کئی ممالک اور صارفین کی بڑی تعداد واٹس ایپ کی متبادل ایپس کی جانب راغب ہونے لگی تھی۔

تاہم اب سال کے آغاز ہی میں واٹس ایپ سے متعلق پہلی اچھی خبر سامنے آگئی ہے جس کے مطابق بیٹا ورژن میں صارفین کو آڈیو اور ویڈیو کال فیچر دستیاب ہو گیا ہے۔

معروف سوشل اینڈ میسجنگ موبائل ایپلی کیشن واٹس ایپ کی ہر اپ ڈیٹ پر نظر رکھنے والی ویب بیٹا انفو کی جانب سے کیے گئے ٹوئٹ کے مطابق واٹس ایپ نے بیٹا ورژن میں مزید صارفین کے لیے ڈیسک ٹاپ پر کال کا فیچر متعارف کروا دیا ہے۔

فی الحال اس فیچر سے بیٹا ورژن صارفین ہی فائدہ اٹھا سکتے ہیں تاہم کہا جا رہا ہے کہ یہ فیچر تمام صارفین کے لیے بھی جلد دستیاب کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والے سائٹ ویب بیٹا انفونے ڈیسک ٹاپ پر واٹس ایپ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے اچھی خبر  دی تھی کہ  نئے برس واٹس ایپ صارفین کے لیے آڈیو ویڈیو کالنگ کا فیچر متعارف ہونے جا رہا ہے۔

 رپورٹ کے مطابق اس فیچر کے ذریعے صارفین اسمارٹ فون کی طرح آن لائن بھی کال ریسیو کرپائیں گے تاہم واٹس ایپ کا یہ نیا فیچر ابتدا میں محدود پیمانے پر لانچ کیا جائے گا اور کال بٹنوں میں بھی بیٹا لیبل موجود ہوں گے۔