حکومت پاکستان مسلہ  کشمیر کا ایسا پرامن حل چاہتی ہے جو اہل جموں و کشمیر کو قبول ہو:صدر پاکستا ن ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد (()) صدر پاکستا ن ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ حکومت پاکستان مسلہ  کشمیر کا ایسا پرامن حل چاہتی ہے جو اہل جموں و کشمیر کو قبول ہو۔  صدر عارف علوی نے ان خیالات کا اظہار تحریک کشمیر بر طانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی سے  ایوان صدر میں ملاقات کے دوران کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی  نے بر طانیہ اور ہورپ میں مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ دیار غیر  میں بھی کشمیر کاز کے ساتھ جڑے ہیں جس پر ہم ان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سمندر پار رہنے والے پاکستانی بھائی اور بہنیں پاکستان کا اصل سر مایہ ہیں جو محنت کر کے ملک کے لئے کثیر زرمبادلہ بھیجتے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے تحریک کشمیر بر طانیہ کے صدر فہیم کیانی کو یقین دلایا کہ اہل پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھیں گے۔ فہیم کیانی نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط اور مستحکم پاکستان تحریک آزادی کشمیر کی ضمانت ہے۔ سمندر پار کشمیری اور  پاکستانی ملک کی ترقی میں آئندہ بھی اپنا کردار جاری رکھیں گے۔ صدر تحریک کشمیر برطانیہ فہیم کیانی نے صدر پاکستان کو مزید بتایا کہ تحریک کشمیر سے وابستہ لوگ بر طانیہ اور دیگر ممالک میں  پاکستانیوں اور کشمیریوں کے ساتھ ملکر مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے خلاف بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی پامالیوں کو ہر فورم پر اٹھاتے ہیں اور آئندہ بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ڈھائے جانے والے  بھارتی مظالم سے بر طانیہ اور پورپی اداروں کو باخبر رکھیں گے۔۔