ملالہ یوسفزئی بھی ٹک ٹاک پرآگئیں ، لڑکیوں کے بہتر مستقبل کیلئے پراُمید

لندن: نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے ویڈیوشیئرنگ ایپ ٹک ٹاک جوائن کر لیا , انہوں نے اپنی پہلی ویڈیو میں فنڈریزنگ اور اپنے مختصر تعارف سے لوگوں کوآگاہ کیا ۔

دنیا کی کم عمرترین نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی  بھی ٹک ٹاک پر آگئیں ، انہوں نے اپنی پہلی ٹک ٹاک ویڈیومیں اپنا مختصر تعارف کروانے کے ساتھ ساتھ  اپنی پسندیدہ چیزوں کے بارے میں بتایا اوراس ویڈیو کو انسٹاگرام پر بھی شیئر کیا۔ ملالہ نے ویڈیومیں اپنا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ میرا نام ملالہ یوسفزئی ہے، میں 23 سال کی ہوں اورلڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے کام کرتی ہوں ۔ شاید آپ میں سے کچھ لوگ مجھے پہلے سےجانتے ہوں گےاور شاید آپ میں سے کچھ لوگوں نے میری اقوام متحدہ میں کی گئی تقریر سنی ہو یا شاید کچھ لوگوں نے میری کتاب ’’آئی ایم ملالہ‘‘ پڑھی ہو۔
ملا لہ نے مزید کہا کہ ہوسکتا ہے آپ میں سے کچھ لوگ مجھے نہ جانتے ہوں تو میں یہاں اپنا تعارف کرواتی ہوں  ۔ میں نے حال ہی میں آکسفورڈ یونیورسٹی سے گریجویٹ کیا ہے۔ مجھے مزاح اور کتابیں پڑھنا بھی اچھا لگتا ہے۔ اس کے علاوہ میں گزشتہ 12 برس سے دنیا بھر کی لڑکیوں کی تعلیم اور محفوظ معیار تعلیم کے لیے کوشاں ہوں۔
ملالہ نے اپنی ویڈیو میں ویورز (ناظرین) پر امریکا میں فنڈ اکھٹا کرنے والی مہم ’’گیونگ ٹیوزڈے‘‘ میں فنڈز  دینے پر زور دیا۔  انہوں نے لوگوں سے ملالہ فنڈ کو سپورٹ کرنے کی بھی گزارش کی ۔ وہ ٹک ٹاک ایپ کو چیریٹی فنڈ میں عطیات دینےکی اپیل کے لیے استعمال کررہی ہیں۔
ملالہ کی پہلی ٹِک ٹاک ویڈیو  ایک دن میں ہی 79.5 ہزار لائیکس تک پہنچی ہےاور صارفین کی  جانب سے ان کی زندگی کی کامیابیوں اور اعتماد کو سراہا گیا ہے۔ فنڈ ریزر کے مطابق 130 ملین لڑکیاں اسکول نہیں جاتی  ہیں تاہم  ملالہ  ان کے بہتر مستقبل کیلئے خاصی پر امید ہیں ۔