بلاول کا انٹرویو ذمہ دارانہ ہے، پی پی (ن) لیگ کے ساتھ نہیں چلے گی: شیخ رشید

کراچی: وزیرریلوے شیخ رشید نے کہا ہےکہ  بلاول بھٹو نے سمجھدارانہ سوچ کا عندیہ دیا اور انٹرویو میں ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرکے زور دار بیان دیا ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ 16 تاریخ سے گلگت بلتستان سے نئی باتیں آنے لگیں گی، دیکھتے ہیں ہارنے والے شکست تسلیم کرتے ہیں یا نہیں لیکن گلگت بلتستان کا فیصلہ قبول نہ کیا گیا تو بدمزگی پیدا ہوئی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کے انٹرویو پر رد عمل میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے سمجھدارانہ سوچ کا عندیہ دیا ہے، میری رائے میں بلاول نے انٹرویو میں ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا اور زوردار بیان دیا،  پیپلز پارٹی استعفے نہیں دے گی اور (ن) لیگ کے ساتھ بھی نہیں چلے گی۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ عمران خان نےکہا نیب این آراوکے علاوہ تمام معاملات پر بات چیت کو تیار ہیں، ایک پارٹی نے دسمبر اور ایک نے جنوری تک کا ٹائم دیا ہے۔

انہوں نےمزید کہا کہ نوازشریف اور مریم سیاست کو بند گلی کی طرف لے کر جا رہے ہیں، سیاست میں جوڈو کراٹے کا انجام اچھا نہیں ہوتا، ایسا سیاستدان نہیں دیکھا جو ڈائیلاگ کے بجائے جوڈو کراٹے پر یقین رکھے۔

جہانگیر ترین کی وطن واپس پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہر کوئی کہتا تھا جہانگیر ترین بھاگ گیا لیکن وہ واپس آگیا اسے سراہا جانا چاہیے۔