بھارت نے جموںوکشمیر پر غیر قانونی قبضے کے ذریعے پورے خطے کو عدم استحکام سے دوچار کردیا ، تحریک وحدت اسلامی
سرینگر غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموںوکشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی تحریک وحدت اسلامی نے کہا ہے کہ بھارت نے 27اکتوبر 1947کو جموںو کشمیرکی مسلم اکثریتی ریاست پر غیر قانونی طور پر قبضہ کر کے پورے خطے کو عدم استحکام سے دوچار کیا ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تحریک وحدت اسلامی کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میںکہاکہ بھارت نے 27اکتوبر 1947کو جموںو کشمیرکی مسلم اکثریتی ریاست پر غیر قانونی طور پر قبضہ کر کے نہ صرف کشمیریوں کی خواہشات کا گلہ گھونٹا بلکہ پاکستان کے ساتھ ایک مستقل محاذ آرائی کی راہ ہموار کرنے کے ساتھ ساتھ پورے خطے کو عدم استحکام سے دوچار کر دیا۔انہوںنے کہا کہ کانگریس کے رہنمائوں نے برصغیر کی تقسیم سے بہت پہلے جموں وکشمیر پر اپنی شاطرانہ نظر یںجما رکھی تھیں اور انہوں نے اسے ہتھیانے کیلئے انتہائی شاطرانہ ہتھکنڈے اختیار کیے۔
انہوں نے کہا کہ گاندھی کی رہنمائی میں پنڈت نہرو اور سردار پٹیل جیسے شاطر کانگریسی لیڈروں کی چالبازیوں کے نتیجے میں 27اکتوبر کو بھارتی فوج کی بڑی تعداد سرینگر کے ہوائی اڈے پر اتری اور یوں کشمیریوں کے ابتلا کا ایک نیا دور شروع ہوا۔
ترجمان نے کہا کہ کشمیر پر جابرانہ بھارتی قبضے کا گزشتہ73برس کا عرصہ بھارتی ظلم و تشدد اور مکرو فریب کا ایک درد ناک باب ہے۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری ہر برس 27اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر مناکر بھارت کو یہ واضح پیغام دیتے ہیں کہ وہ جموںوکشمیر پر اسکے غیر قانونی تسلط کو ہر گز تسلیم نہیں کرتے اور وہ اپنے لاکھوں شہداء کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے ۔