سرینگرسمیت مختلف علاقوں میں چسپاں پوسٹرز میں کشمیریوں سے27 اکتوبر کو یوم سیاہ منانے کی اپیل

سرینگر  غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں سرینگرسمیت مختلف علاقوں میں ایک بار پھر پوسٹرز چسپاں کیے گئے ہیں جن میں لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ1947ء میں بھارتی فوج کی طرف سے ریاست پرجابرانہ قبضے کے خلاف بطور احتجاج 27 اکتوبرکو یوم سیاہ منائیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پوسٹر جموںوکشمیر پیپلز لیگ کی طرف سے چسپاں کئے گئے ہیں۔جموںوکشمیر پیپلز لیگ کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر سرفراز احمد خان اور کوآرڈینیٹر شیخ نذیر احمد نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ کشمیری 27 اکتوبر کو جموں و کشمیر پر بھارت کے غیرقانونی قبضے کے خلاف اپنا احتجاج درج کرائیں گے کیونکہ بھارتی فوجیوں نے تقسیم برصغیر کے فارمولے کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے اورکشمیریوں کی امنگوں کے برعکس علاقے پر قبضہ کیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ تنازعہ کشمیر کا حل نہ ہونا خطے میں امن اور سیاسی استحکام کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے لہذا اقوام متحدہ کو تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لئے اقدامات کرنے چاہئے۔انہوںنے کہا کہ کشمیری آزادی کے جائز مقصدکے لئے قربانیاں پیش کررہے ہیں ۔ انہوںنے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے بھارت کے غیر قانونی اقدام کا نوٹس لیں۔