27 اکتوبر کا دن کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ،پوری پاکستانی اور کشمیری قوم مقبوضہ کشمیر پر بھارتی ناجائز قبضے کیخلاف احتجاج کریگی،علی امین گنڈاپور

وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں تحریک انصاف کی حکومت نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اُجاگر کیا ہے،آج پاکستان کی کوششوں کے باعث بھارتی ہندوانتہا پسند پالیسیز پوری دُنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہیں،وفاقی وزیر امور کشمیر مقبوضہ کشمیر پر بھارتی ناجائز قبضے کیخلاف 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منانے اور تیاریوں کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس ،شرکاء کایوم سیاہ بھرپور انداز میں منانے کیلئے بھرپور عزم کا اظہار

اسلام آباد مقبوضہ جموں وکشمیر پر بھارتی ناجائز قبضے کے خلاف 27 اکتوبر کو اندرون و بیرون ملک اور آزادکشمیر میں یوم سیاہ منانے اور تیاریوں کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا ۔اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈہ پورنے کی ۔اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری اُمور کشمیر ثوبیہ کمال ،وفاقی سیکرٹری اُمور کشمیر اعجاز احمد خان ، آل پارٹیز حریت کانفرنس ،چاروں صوبوں ،آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے نمائندوں کے علاوہ وزارت اطلاعات ونشریات، وزارت خارجہ اور دیگر اہم اداروں کے نمائندوںنے بھی شرکت کی۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہاکہ 27 اکتوبر کا دن کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے اور اس دن پوری پاکستانی اور کشمیری قوم مقبوضہ کشمیر پر بھارتی ناجائز قبضے کے خلاف بھرپور احتجاج کرے گی۔انہوںنے کہاکہ آج ستر سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود نہتے کشمیری عوام بھارتی سفاکیت اور ظلم کا شکا رہیں ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ بھارت نے ناجائز قبضے کا شکنجہ مضبوط کرنے کے لیے گزشتہ سال 5 اگست کو ایک بار پھر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی قوانین کی دھجیاں اڑائیں۔

انہو ں نے کہا کہ بھارت اسرائیل طرز کی پالیسیز کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کی گھنائو نی سازش کررہا ہے۔ علی امین گنڈہ پور نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں تحریک انصاف کی حکومت نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اُجاگر کیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ آج پاکستان کی کوششوں کے باعث بھارتی ہندوانتہا پسند پالیسیز پوری دُنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہیں۔اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری اُمور کشمیر و گلگت بلتستان مسز ثوبیہ کما ل خان نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے اور وہ یوم سیاہ بھرپور انداز میں منائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ 27 اکتوبرکے سیاہ دن کو اس کی تاریخی اہمیت کے حوالے سے اُجاگر کیا جائے گا۔اجلاس میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کے کنوینر فیض نقشبندی نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل اور کشمیریوں کے گھروں کو آگ لگانے کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے ۔انہوںنے کہاکہ اس کے باوجود کشمیری اپنا حق خود ارادیت لینے کے لیے پرُ عزم ہیں انہوںنے کہا کہ حکومت پاکستان کی کوششوں کی وجہ سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر بھرپور اُجاگر ہوا ہے۔ وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان حالات کے تناظر میں اس مرتبہ بھی 27 اکتوبر کو اندرون وبیرون ملک مقیم پاکستانی اور کشمیری عوام یوم سیاہ بھرپور انداز سے منائے گئے۔انہوں نے ہدایت کی کہ اس ضمن میں کئی جانے والی تیاریوں میں کو ئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ۔ اس موقع پر اجلاس میں یوم سیاہ کے حوالے سے کی گئی تیاریوں سے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے یوم سیاہ کے حوالے سے ترتیب دی گئی تیاریوں پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام ستر سالوںپاکستان سے اپنی وابستگی کے اظہار اور اپنے حق خود ارادیت کے لیے جانوں کی قربانیاں پیش کررہے ہیں اور ہم پر یہ قومی فرض عائد ہوتا ہے کہ ہم دُنیا کے تمام فورمز پر اُن کے حقوق کی آواز بھرپور انداز سے بلند کریں۔اجلاس میں یوم سیاہ کو پر زور انداز سے منانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا ، اس موقع پر اجلاس کے شرکاء نے یوم سیاہ کو بھرپور انداز میں منانے کے لیے اپنے بھرپور عزم کا بھی اظہار کیا۔