دیویندر سنگھ بہل کی کشمیری نظر بندوں کے ساتھ بہی مانہ سلوک کی مذمت

کشمیری آزادی کے حصول کیلئے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں جو ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی،چیئرمین سوشل یوتھ فورم

سرینگر  غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں سوشل یوتھ فورم کے چیئرمین دیویندر سنگھ بہل نے کشمیری نظربندوں کے ساتھ جیلوں میں روا رکھے جانے والے بہیمانہ سلوک کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو تحریک آزادی سے دستبردار کرانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دیویندر سنگھ بہل جموںوکشمیر مسلم لیگ کے قائمقام چیئرمین عبدالاحد پرہ سے ملاقات کیلئے کپواڑہ گئے جنہیں چار برس کی غیر قانونی نظر بندی کے بعد حال ہی میں رہا کیا گیا ۔ دیویندر سنگھ بہل نے اس موقع پر کہا کہ وہ کشمیری حریت پسندوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے بھارت کے تمام تر ظالمانہ ہتھکنڈوں کے باوجود حق خود اردیت کی آواز بلند کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
انہوںنے کہا کہ کشمیری آزادی کے حصول کیلئے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں جو ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوںنے تحریک آزادی میں عبدالاحد پرہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بے انتہا مصائب سہنے کے باوجود وہ اپنے موقف پر چٹان کی طرح ڈٹے ہوئے ہیں۔ دیویندر سنگھ بہل نے کہا کہ کشمیری نظر بندوں کو جیلوںمیں سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں، انہیں غیر معیاری کھانا فراہم کیا جاتا ہے اور طبی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ انہوںنے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ نظر بندوں کی حالت زار کا جائزہ لینے کے لیے اپنی ٹیمیں مقبوضہ علاقے میں بھیجیں ۔