مسئلہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے: وزیر خارجہ

اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے، کشمیری بھائیوں کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی سے صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے ملاقات کی، اس موقع پر آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات سمیت اہم پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت کی بھی مذمت کی گئی۔

سلطان محمود نے پارٹی امور سے متعلق صورت حال سے وزیرخارجہ کو آگاہ کیا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے، ہر فورم پر کشمریوں کی آواز بنیں گے اور بھارتی جارحیت کو بے نقاب کریں گے۔

دریں اثنا سلطان محمد نے کہا کہ عمران خان کی ہدایت کے مطابق نظریاتی کارکنان کو آگے لائیں گے، آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کامیاب ہوگی۔

خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ بدستور جاری ہے، نام نہاد آپریشن کے نام پر قابض فوج نہتے کشمیریوں کو شہید کررہی ہے۔