تحریک حریت کی طرف سے شہید کشمیری خاتون کے اہلخانہ سے اظہار ہمدردی

سرینگرغیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموںوکشمیر میںتحریک حریت جموںوکشمیر کے ایک وفد نے حال ہی میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والی کشمیری خاتون کے گھر بٹہ مالو سرینگر جاکر سوگوار خاندان سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔میڈیا سروس کے مطابق وفد نے اس موقع پر کہاکہ جموںوکشمیر کے طول و عرض میں گزشتہ تیس سال سے بالعموم اور گزشتہ ایک سال سے بالخصوص حریت پسندوں خاص طورپر تحریک حریت سے وابستہ افراد پرعرصہ حیات تنگ کیا جارہا ہے۔انہوںنے کہاکہ تحریک حریت کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی اور سیکر ٹری جنرل امیر حمزہ سمیت تقریباً پارٹی کی پوری مرکزی قیادت پابند سلاسل ہے اور بھارتی قابض انتظامیہ آزادی پسندوں کی آواز کو دبانے کیلئے ظلم کا ہر ہتھکنڈہ استعمال کررہی ہے تاہم تحریک حریت سے وابستہ مخلص اور بہادر کارکنان اپنے ضلعی قائدین کے ہمراہ تمام تر مشکلات کے باوجود بھارتی ریاستی دہشت گردی اور ظلم وتشدد سے متاثرہ کشمیریوںتک پہنچنے کی بھر پور کوشش کرتے ہیں۔

وفد نے بٹہ مالو میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے تباہ کئے جانے والے گھر کے مکینوں سے بھی اظہار ہمدردی کیا جنہیں کھلے آسمان تلے بے یارو مدگار چھوڑ دیا گیا ہے۔ تحریک حریت کے وفد نے ایچ ایم ٹی سرینگر میں پارٹی کارکن مصطفیٰ کی والدہ کی نماز جنازہ میں بھی شرکت کی اور وفدحال ہی میں رہا ہونے والے تحریک حریت کے کارکن کی رہائش گاہ فتح کدل بھی گیا۔