غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مزید 5 نوجوان گرفتار

بھارتی فوجیوں نے بدھ کے روز مسلسل تیسرے روزکپواڑہ اور بڈگام اضلاع کے متعدد علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں جاری رکھیں

سرینگر غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں اور پولیس نے کولگام اور رامبن اضلاع سے مزید 5 نوجوانوں کو گرفتار کرلیاہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے ضلع کولگام کے علاقے قاضی گنڈ میں جواہرٹنل کے نزدیک ایک ٹرک سے دو نوجوانوں کوگرفتار کیا۔ایک پولیس افسر نے صحافیوں کو بتایا کہ ٹرک کے ڈرائیور اور اس میں سفر کرنے والے ایک شخص کو حراست میں لیا گیاہے۔

ان کی شناخت بلال احمد اور شاہنواز احمد میر کے طورپر ہوئی ہے اوریہ دونوں شوپیان کے رہائشی ہیں۔بھارتی پولیس نے جموں خطے کے ضلع رامبن سے مزید تین نوجوانوں کو گرفتار کیا۔ پولیس نے گزشتہ روز ضلع بانڈی پورہ کے علاقے حاجن سے تین نوجوانوں کو گرفتار کیاتھا اوران پر مجاہدین کے لئے کام کرنے کا الزام لگایا تھا۔دریں اثناء بھارتی فوجیوں نے بدھ کے روز مسلسل تیسرے روزکپواڑہ اور بڈگام اضلاع کے متعدد علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں جاری رکھیں۔