فلمی ستارے جو موافق پتھر پہننے پر یقین رکھتے ہیں

صدیوں سے انسان ایسے پُراسرار، خوف زدہ کر دینے والے، عجیب و غریب اور انوکھے واقعات کا سامنا کرتا آیا ہے جو ماورائے عقل اور اس کے لیے ناقابلِ فہم ثابت ہوئے۔

انسانوں نے اپنے علم، طاقت اور وسائل کے زور پر ان واقعات کی حقیقت جاننے کی جستجو اور کوشش کی، لیکن ناکام رہے اور تب انھوں نے مختلف روحانی قوتوں اور اشیا پر بھروسا کرنا شروع کیا اور ان کا یہ خیال اور عقیدہ رہا کہ وہ ان کی حفاظت کریں گی۔

قیمتی اور خوش رنگ پتھروں کو جہاں انسان نے سجاوٹ اور تزئین و آرائش کے لیے استعمال کیا، وہیں انسان یہ عقیدہ بھی رکھتا ہے کہ بعض پتھر عزت، دولت، شہرت، محبت اور کام یاب زندگی کے حصول میں مدد دیتے ہیں، یہ پتھر روحانی سکون اور صحت و تن درستی برقرار رکھنے کے لیے پہنے جاتے ہیں۔ مشہور ہے کہ بعض پتھر انسان کی زندگی پر روحانی اور طبیعی اثرات مرتب کرتے ہیں اور یہ کسی کی خوش بختی کی علامت ہوسکتے ہیں۔

پتھروں اور نگینوں کی خاصیت اور انسانی زندگی اور شخصیت پر ان کے اثرات پر عام لوگ ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں مشہور اور نہایت قابل و باصلاحیت لوگ بھی یقین رکھتے ہیں۔ ان میں بالی وڈ اسٹارز بھی شامل ہیں۔

یہاں‌ ہم ہندی فلموں کے ان سپراسٹارز کا ذکر کررہے ہیں جن کی نظر میں موافق پتھر پہننا خوش قسمتی اور کام یابی کی ضمانت ہے۔

بولی وڈ فلموں کے سپر اسٹار سلمان خان قیمتی فیروزی پتھر پہنتے ہیں جو ایک بریسلٹ کی شکل میں ان کے والد نے انھیں تحفے میں دیا تھا۔ سلمان خان کو یقین ہے کہ یہ پتھر انھیں نظرِبد سے محفوظ رکھتا ہے۔

بگ باس امیتابھ بچن بھی قیمتی پتھر پہننے پر یقین رکھتے ہیں اور ان کے لیے نیلم موافق پتھر ہے، وہ اسے اپنا ’لکی چارم‘ تصور کرتے ہیں۔ نام ور موسیقار اے آر رحمان اور اداکارہ ایشوریہ رائے بھی نیلم پتھر پہنتے ہیں۔

کرینہ کپور نے ہندی سنیما کو کئی کام یاب فلمیں دی ہیں اور شاید ان کی ان کام یابیوں کے پیچھے یہ قیمتی پتھر ہیں‌ جو اکثر ان کی انگوٹھی یا بریسلٹ میں جڑے ہوئے نظر آتے ہیں۔ کرینا مونگا یا ساحلی مرجان اور اکثر موتی پہنتی ہیں۔

اجے دیوگن کا نام بھی بالی وڈ کے ان اداکاروں میں شامل ہے جنھیں قیمتی پتھر پہننے کا شوق ہے، وہ اکثر پکھراج اور موتی پہنتے ہیں۔

ایکتا کپور چھوٹی اسکرین پر راج کرنے والی پروڈیوسر اور رائٹر ہیں اور فلمی صنعت میں انھیں ان کے کام کی وجہ سے بہت شہرت اور پہچان ملی اور شاید اس کا سبب وہ پتھر ہیں‌ جنھیں ایکتا کپور نے اپنی انگلیوں میں خوش بختی اور کام یابی کے حصول کی نیّت سے سجایا تھا۔ ایکتا کپور کوئی ایک پتھر نہیں پہنتیں بلکہ‌ ان کی انگلیوں‌ میں‌ بیک وقت ہیرا، مونگا، زمرد اور پکھراج دیکھا جاسکتا ہے۔