سنگا پور اور چیونگم

سنگا پور استوائی خطے میں واقع ہے لہٰذا اس کی آب و ہوا گرم مرطوب ہے۔ اس چھوٹے سے ملک میں بارشیں خوب ہوتی ہیں۔ ہر یا لی خوب ہے۔

سنگاپور میں کئی قومیتوں اور رنگ و نسل کے لوگ بستے ہیں۔ سب سے زیادہ چینی نژاد ہیں، باقی مالے، ہندوستانی، پاکستانی، سری لنکن وغیرہ ہیں۔ یہاں‌ بڑی بڑی عمارتیں جدید طرز تعمیر کا نمونہ ہیں۔

بڑے مذاہب میں بدھ ازم، ہندومت اور عیسائیت شامل ہیں ۔ حکومت کا انداز جمہوری ہے اور ملک سیاحت کے لیے مشہور ہے۔ ایک وقت تھا جب اس کے نظامِ تعلیم کی دنیا میں مثال دی جاتی تھی ۔

سیاحت یہاں ایک انڈسٹری کی حیثیت رکھتی ہے۔ سیاحوں کی دل چسپی کی ہر شے سنگاپور میں موجود ہے اور سنگاپور سیاحت سے زرِ مبادلہ کمانے والے ملکوں میں سے ایک ہے۔

سنگاپور کا جو انداز سب سے پہلے آنکھوں کو بھاتا ہے وہ یہاں صفائی ستھرائی کا نظام ہے۔ یہ چھوٹا سا ملک ہے لیکن صاف، شفاف، چمکتی ہوئی سڑکیں، عمارتیں اور پارک سیاحوں کی توجہ حاصل کرلیتے ہیں۔ یہاں پر کوڑا کرکٹ پھیلانے پر سخت سزا اور جرمانے کا رواج ہے۔

سنگاپور میں سگریٹ اور چیونگم پر بھی پابندی عائد رہی ہے اور تفریحی و پبلک مقامات پر اس پر سختی سے عمل کروایا جاتا ہے۔

دراصل ایم آر ٹی(ریل سروس) کے چلنے کے بعد سنا گیاکہ ایک ٹرین کے آٹو میٹک دروازے میں کسی نے شرارت کرتے ہوئے چیونگم چپکا دی تھی جس کے باعث دروازہ کھلنے میں تاخیرہوئی۔

حکام نے یہ پسند نہ کیا کہ لوگ ایک بڑی اور اہم سفری سروس کے دوران ایسی مشکل اور تکلیف اٹھائیں جس کی وجہ سے ان کا وقت برباد ہو اور کوئی بھی شہری اپنے ضروری کام کو وقت پر انجام دینے سے محروم ہوجائے، لہٰذا انھوں نے چیونگم پر پابندی عائد کردی۔