بابراعظم نے وہ اعزاز حاصل کرلیا جو یونس خان اور محمد یوسف کے پاس بھی نہیں

2000 ٹیسٹ رنز مکمل کرنےوالے چوتھے کم عمرترین ملکی بلے باز بن گئے

سائوتھمپٹن  قومی ٹیم کے نوجوان بلے باز بابراعظم نے وہ اعزاز حاصل کرلیا جو یونس خان اور محمد یوسف کے پاس بھی نہیں ہے۔ بابراعظم نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں ٹام بیس کو چوکا لگا کر 2000 ٹیسٹ رنز کا سنگ میل عبور کیا۔بابر نے 29ویں ٹیسٹ میچ میں 2000 رنز مکمل کیے ہیں اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے 33ویں بلے باز ہیں، انہوں نے 25 سال اور 315 دن کی عمر میں یہ کارنامہ سرانجام دیا اور وہ 2000 ٹیسٹ رنز مکمل کرنے والے پاکستان کے چوتھے کم عمر ترین بلے باز ہیں، اس فہرست میں ان سے آگے موجود کھلاڑیوں میں جاوید میانداد، سلیم ملک اور انضمام الحق شامل ہیں۔

بابراعظم ٹیسٹ کرکٹ میں 5 سنچریاں اور 15 نصف سنچریاں بنا چکے ہیں ۔ وہ دنیا کے واحد بیٹسمین ہیں جو تینوں فارمیٹس میں ٹاپ فائیو میں شامل ہیں، ٹی ٹونٹی میں ان کا پہلا، ون ڈے میں دوسرا اور ٹیسٹ کرکٹ میں پانچواں نمبر ہے۔