فیس ماسک سے ہونے والی ایکنی اور الرجی سے کیسے بچا جائے؟

کرونا وائرس سے بچنے کے لیے فیس ماسک کا استعمال نہایت ضروری ہے، تاہم ہر وقت منہ ڈھانپے رکھنے سے جلد مختلف مسائل کا شکار بھی ہوسکتی ہے۔

دن کا زیادہ حصہ فیس ماسک پہن کر گزارنے سے ناک، تھوڑی اور گالوں کی جلد مختلف مسائل کا شکار ہوسکتی ہے جس میں سب سے عام ایکنی ہے۔

ایکنی ماسک کے جلد سے ٹکرانے کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے اور اسے ماسکنی کا نام دیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں چہرے کے مذکورہ حصوں پر الرجی، خارش یا جلد سرخ ہونے کی شکایت بھی ہوسکتی ہے۔ ایسے میں چند عام طریقوں سے ان مسائل سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔

چہرے کو دھونے کے لیے اچھے معیاری فیس واش کا استعمال کیا جائے۔

دن میں کئی بار منہ دھویا جائے اور تولیے سے خشک کرنے کے بجائے ہوا سے خشک کیا جائے۔

ماسک کے نیچے کی جلد کو نم رکھنا ضروری ہے اور اس کے لیے اچھا موئسچرائزر استعمال کیا جائے۔ لیکن خیال رہے کہ یہ موئسچرائزر زیادہ چکناہٹ بھرا نہ ہو ورنہ چکناہٹ اور پھر ماسک پہنے رکھنے سے چہرے کے مسام بند ہوجائیں گے اور ایکنی جلد کو خراب کردے گی۔

ماسک کا کپڑا بہت زیادہ موٹا یا ریشمی نہ ہو ورنہ یہ الرجی پیدا کرسکتا ہے۔

ماسک کو روزانہ دھوئیں، اگر آپ ابھی تک گھر میں بند ہیں اور کبھی کبھار باہر جانے کے لیے ماسک استعمال کرتے ہیں تو ماسک کو واپس رکھنے سے پہلے دھونا نہ بھولیں۔

گھر کے اندر کچھ دیر کے لیے کھڑکیاں دروازے کھلے رکھیں تاکہ گھر میں تازہ ہوا کا گزر رہے۔

صبح کے وقت سرسبز درختوں کے درمیان واک کرتے ہوئے ماسک استعمال کرنا ضروری نہیں، اس وقت کی ہوا کو اپنے چہرے سے ٹکرانے دیں۔

جلد کی حفاظت کے لیے کیے جانے والے مختلف گھریلو ٹوٹکوں وغیرہ کا استعمال بڑھا دیں تاکہ جلد کی حفاظت ہوسکے۔