ٹیسٹ رینکنگ،بابراعظم تینوں فارمیٹس میں ٹاپ 5 بلے بازوں کی فہرست میں موجود واحد بیٹسمین

محمد عباس کی دو درجے ترقی، عابدعلی اور محمد رضوان کی کیریئر بیسٹ پوزیشن

دبئی  آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں بابر اعظم ایک درجہ ترقی سے پانچویں نمبر پر آ گئے،بولرز میں محمد عباس کو2درجہ بہتری سے آٹھویں پوزیشن مل گئی۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ نئی ٹیسٹ رینکنگ میں سائوتھمپٹن ٹیسٹ میں 47 رنز بنانے والے بابراعظم نے ایک بار پھر ٹاپ 5 بلے بازوں کی فہرست میں جگہ بنالی ہے، اسی ٹیسٹ میں 60 رنز بنانے والے عابد علی ترقی پاکر 49 ویں اور وکٹ کیپر محمد رضوان 72 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد 75 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔بائولرز کی فہرست میں انگلینڈ کے خلاف 28 رنز کے عوض 2 وکٹیں لینے والےمحمد عباس 2 درجے ترقی کے ساتھ 8 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں تاہم وہ اب بھی اپنی اکتوبر 2018ء میں حاصل کردہ کیریئر کی بہترین تیسری پوزیشن سے بہت پیچھے ہیں۔سائوتھمپٹن ٹیسٹ میں 4 وکٹیں لینے والے برطانوی فاسٹ بائولر سٹورٹ براڈ ایک درجے ترقی کے ساتھ دوسری پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں جب کہ 60 رنز کے عوض 3 وکٹیں لینے والے جیمز اینڈرسن 2 درجے ترقی کے ساتھ 14 ویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔ انگلش بلے باز زیک کرائولی نصف سنچری بنانے کے بعد کیریئر کی بہترین 81 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔