کورونا وائرس| جمعہ کومزید 9فوت ، ہلاکتوں کی تعداد 523

متاثرین میں 540 کااضافہ، وائرس میں مبتلا افراد کی مجموعی تعداد 27000 کے پار

پرویز احمد
 سرینگر // 14اگست بروز جمعہ، جموں و کشمیر میں مزید9افراد کورونا وائرس سے فوت ہوگئے۔ مہلوکین کی تعداد بڑھکر523ہوگئی ہے۔ ان میں سے 39جموں جبکہ کشمیرمیں مرنے والوں کی تعداد 484ہوگئی ہے۔ جموں کشمیر سے باہرکا سفر کرنے والے 60افراد سمیت 540افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 27ہزار کا ہندسہ پار کرکے 27489تک پہنچ گئی ہے۔ ان میں سے 6169جموں اور کشمیر 21320سے تعلق رکھتے ہیں۔ تازہ 540متاثرین میں سے 108سرینگر، 47بارہمولہ، 31پلوامہ، 12کولگام، 8شوپیان، 31اننت ناگ، 37بڈگام، 65کپوارہ، 50بانڈی پورہ، 32گاندربل، 67جموں، 4راجوری، 4رام بن، 9کٹھوعہ، 8ادھمپور،5سانبہ، 4ڈوڈہ، 6پونچھ، 8ریاسی اور 4کشتواڑ سے تعلق رکھتے ہیں۔

اموات

کورونا وائرس سے مرنے والوں کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری رہا اور جمعہ کو مزید 9افراد فوت ہوگئے۔ مرنے والوں میں 4سرینگر،2پلوامہ، 2اننت ناگ اور ایک کپوارہ سے تعلق رکھتا ہے۔ محکمہ صحت کے ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا ’’ سرینگر شہر میں کورونا وائرس سے فوت ہونے والے متاثرین میں حول سرینگر سے تعلق رکھنے والا 73سالہ شخص، چھانہ پورہ کی 60سالہ خاتون، بژہ پورہ کی 65سالہ خاتون اور بٹہ مالو سرینگر کا 65سالہ شخص شامل ہے‘‘۔ سینئر ڈاکٹر نے بتایا ’’ دو افراد کی موت صدر اسپتال سرینگر جبکہ دو کی موت سکمز صورہ میں ہوئی۔پلوامہ میں تعینات محکمہ صحت کے ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا ’’جمعہ کو پلوامہ میں مزید 2افراد کورونا وائرس کی وجہ سے فوت ہوگئے جن میں بے گنڈ چندری گام ترال سے تعلق رکھنے والی 75سالہ خاتون اور دربگام پلوامہ سے تعلق رکھنے والی ایک 65سالہ خاتون شامل ہے‘‘۔مذکورہ ڈاکٹر نے بتایا ’’ ان دونوں کی موت صدر اسپتال سرینگر میں ہوئی ‘‘۔اننت ناگ میں تعینات ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا ’’مرنے والوں میں اچ گام کا رہنے والا ایک 65سالہ شخص اور گوپال پورہ اچھہ بل سے تعلق رکھنے والی ایک 70سالہ خاتون ضلع اسپتال اننت ناگ میں فوت ہوگئی ہے۔ ادھر سرحدی ضلع کپوارہ سے تعلق رکھنے والا ایک70سالہ شخص بھی سکمز صورہ میں فوت ہوگیا ہے۔

حکومتی بیان

حکومت کی طرف سے جاری کئے گئے روزانہ میڈیا بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ نوول کورونا وائرس کے27489معاملات سامنے آئے ہیں جن میں سے7027 سرگرم معاملات ہیں ۔ اَب تک19942اَفراد صحتیاب ہوئے ہیں ۔جموں وکشمیر میں کوروناوائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد520تک پہنچ گئی ،جن میں سے 481کا تعلق کشمیر صوبہ سے اور39کاتعلق جموں صوبہ سے ہیں۔اِس دوران جمعہ کو مزید640 شفایاب ہوئے ہیںجن میںجموں صوبے کے204اور کشمیر صوبے کے 436اَفراد شامل ہیں ، جن کو جموں و کشمیر کے مختلف ہسپتالوں سے رخصت کیا گیا۔بلیٹن میں مزید کہا گیا ہے کہ اَب تک 775333ٹیسٹوں کے نتائج دستیاب ہوئے ہیں جن میں سے  14؍اگست2020ء کی شام تک 747844نمونوں کی رِپورٹ منفی پائی گئی ہے ۔علاوہ ازیں اَب تک409414افراد کو نگرانی میں رکھا گیا ہے جن کا سفر ی پس منظر ہے اور جو مشتبہ معاملات کے رابطے میں آئے ہیں۔ ان میں41737اَفراد کو ہوم قرنطین میں رکھا گیا ہے جس میں سرکار کی طرف سے چلائے جارہے قرنطین مراکز بھی شامل ہیں ۔7027کو ہسپتال آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے جبکہ47531 اَفراد کو گھروں میں نگرانی میں رکھا گیا ہے۔اسی طرح بلیٹن کے مطابق312599اَفرادنے 28روزہ نگرانی مدت پوری کی ہے۔

۔640صحت یاب

 جموں وکشمیر کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج 640کورونا وائرس مریض جمعہ کو صحت یاب ہونے کے بعد گھروں کو لوٹ گئے ۔ اسطرح کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے متاثرین کی تعداد 19942ہوگئی۔ جمعہ کو صحت یاب ہونے والے 640افراد میں سے 255سرینگر، 28پلوامہ، 21کولگام، 31شوپیان، 29اننت ناگ، 3کپوارہ، 31بانڈی پورہ،7گاندربل، 61جموں،51راجوری،2رام بن،ایک کٹھوعہ، 80ادھمپور، ایک سانبہ،  ایک ڈوڈہ، ایک پونچھ، ایک ریاسی اور 5کشتواڑ سے تعلق رکھتے ہیں۔