نیب آفس کے باہر ہنگامہ آرائی ،مسلم لیگ ن کے گرفتار کارکنوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

لاہور  مقامی عدالت نے نیب آفس کے باہر ہنگامہ آرائی کرنے کے الزام میں مسلم لیگ ن کے گرفتار تمام کارکنوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا اور اٴْن کی ضمانت پر رہائی کیلئے درخواستوں پر کل (بروز جمعرات) کیلئے نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

پولیس نے گرفتار مسلم لیگ ن کے 58 کارکنوں کو ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا، گرفتار ملزموں میں سابق رکن اسمبلی اور ٹک ٹاک سٹار بھی شامل تھے۔

عدالت کے روبرو پولیس نے ملزموں سے تفتیش کیلئے ان کا جسمانی ریمانڈ دینے کی درخواست کی گئی جبکہ ملزموں کے وکلاء نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے اسے بلًاجواز قرار دیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ ذوالفقار باری نے دلائل سننے کے بعد جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا مسترد کر دی اور تمام ملزموں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزموں کی رہائی کیلئے ضمانت کی درخواستوں پر کل کیلئے نوٹس جاری کر دیے ہیں۔